افغانستان میں ایڈز کی تشویشناک صورتحال،200 نئے مریض رپورٹ

کابل: افغانستان کی وزارت صحت نے انکشاف کیا ہے کہ 2023 کے دوران ملک بھر میں ایڈز کے 200 مثبت کیسز سامنے آئے ہیں۔

ویب رپورٹ کے مطابق، وزارت صحت کے ترجمان شرافت زمان امرخیل نے بتایا کہ افغانستان میں ایڈز کے علاج کے لیے 8 خصوصی مراکز اور 61 تشخیصی مراکز کام کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق، کئی علاقوں میں علاج کی عدم دستیابی اس بیماری کے پھیلاؤ کی بڑی وجہ ہے، تاہم متاثرہ مریضوں کو اب طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے اور سہولیات کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔

افغان-جاپان کمیونیکیبل ڈیزیز اسپتال کے سربراہ کے مطابق، اس وقت اسپتال میں 1,555 مریض رجسٹر ہیں، جن میں سے 116 نئے کیسز رواں سال کے ابتدائی مہینوں میں رپورٹ ہوئے تھے۔ اسپتال کے عملے کے رکن محمد خان ہدایت نے ایڈز سے متاثرہ افراد کے علاج میں مزید تعاون کی اپیل کی ہے۔

محمد خان ہدایت نے وضاحت کی کہ رجسٹرڈ مریضوں کو خاص طور پر سرجری جیسی طبی سہولیات کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے حکومت اور دیگر اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ متاثرہ علاقوں میں ان مریضوں کی مدد کریں اور طبی عملے کو بہتر وسائل فراہم کریں۔

عالمی ادارہ صحت (WHO) کے اعداد و شمار کے مطابق، 2023 میں دنیا بھر میں ایڈز کے 39.9 ملین مریض رپورٹ ہوئے، جن میں سے 6 لاکھ 30 ہزار افراد اس بیماری کے باعث جان کی بازی ہار گئے۔ مزید برآں، 1.3 ملین افراد ایچ آئی وی کا شکار ہوئے۔ ورلڈ ایڈز ڈے 2023 کو "ٹیک دا رائٹ پاتھ: مائی ہیلتھ، مائی رائٹ” کے تحت منایا گیا تھا، جس کا مقصد بیماری کے متعلق شعور اجاگر کرنا اور متاثرہ افراد کے حقوق پر زور دینا تھا۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین