جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت آج ، عمران ،شاہ محمود اور دیگر پر فرد جرم عائد ہونے کا امکان
راولپنڈی:9 مئی کو ہونے والے جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت آج ہوگی، جس میں پی ٹی آئی کے بانی عمران خان، شاہ محمود قریشی اور دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد ہونے کا امکان ہے۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج امجد علی شاہ آج اڈیالہ جیل پہنچ چکے ہیں اور وہ اس اہم کیس کی سماعت کریں گے، جس میں عمران خان اور دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کی توقع کی جا رہی ہے۔
اس سماعت کے دوران جج امجد علی شاہ عمران خان کے خلاف 28 ستمبر کو ہونے والے احتجاجی مقدمے کی بھی سماعت کریں گے۔ عمران خان کو چھ روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد آج عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
عمران خان کی عدالت پیشی کے لیے ان کے وکلاء سلمان اکرم راجہ، پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان، سینئر وکیل ڈاکٹر بابر اعوان، اور دیگر وکلاء اڈیالہ جیل پہنچ چکے ہیں۔ ان کے ساتھ عمران خان کی بہنیں علیمہ، نورین، اور ڈاکٹر عظمی بھی جیل آئی تھیں، تاہم جیل حکام نے انہیں جیل کے اندر جانے کی اجازت نہیں دی۔
پراسیکیوٹر نے اس کیس کے حوالے سے بتایا کہ عمران خان پر آج اڈیالہ جیل میں فرد جرم عائد کی جائے گی اور ساتھ ہی غیر حاضر ملزمان کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر دیے جائیں گے۔