پاکستان میں لاہور سب سے آلودہ شہر، شہریوں کی صحت خطرے میں

پاکستان میں لاہور سب سے آلودہ شہر، شہریوں کی صحت خطرے میں

لاہور: پاکستان کے سب سے آلودہ شہروں میں لاہور کا پہلا نمبر ہے۔ لاہور کی فضائی آلودگی نے شہریوں کی صحت کو شدید متاثر کیا ہے، جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس 303 سے 533 کے درمیان ریکارڈ کیا گیا۔ ماہرین کے مطابق اس فضائی آلودگی کی وجہ سے لوگ نزلہ، زکام، کھانسی، بخار اور دیگر بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں، جبکہ احتیاطی تدابیر پر عمل کر کے ان بیماریوں سے بچا جا سکتا ہے۔
شہری علاقوں میں مارکیٹوں کو رات 8 بجے تک کھولنے کی اجازت ہے، جبکہ ریسٹورنٹس کو 10 بجے تک کھلا رکھنے کی اجازت ہے۔ اس کے باوجود، کچھ ریسٹورنٹس باربی کیو وغیرہ کو رات 10 بجے کے بعد بھی بند کرنے میں کوتاہی کر رہے ہیں۔ اس کے جواب میں انتظامیہ اسموک ایس او پیز کی خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم خشک رہنے کا امکان ہے، اور لاہور میں درجہ حرارت کم سے کم 10 اور زیادہ سے زیادہ 25 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی پیش گوئی کی جا رہی ہے۔
ترجمان ادارہ ماحولیات پنجاب ساجد بشیر کے مطابق، یکم مارچ 2024 سے اب تک 1091 اینٹوں کے بھٹوں اور 219 صنعتی یونٹس کو مسمار کیا جا چکا ہے۔ گزشتہ 9 ماہ کے دوران پنجاب بھر میں 1283 اینٹوں کے بھٹوں اور 1339 صنعتی یونٹس کو سیل کیا گیا ہے۔ ماحولیات پنجاب نے اپنے سخت کریک ڈاؤن کے دوران 270 دنوں میں 5566 صنعتی یونٹس اور 10888 اینٹوں کے بھٹوں کو نوٹسز جاری کیے۔ اس دوران 566 یونٹس اور 1736 بھٹوں کے خلاف ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں، اور 25 کروڑ سے زائد روپے کے جرمانے عائد کیے جا چکے ہیں۔
یہ تمام اقدامات لاہور اور دیگر شہروں میں فضائی آلودگی کو کم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہیں تاکہ شہریوں کی صحت اور ماحول کو بہتر بنایا جا سکے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین