بیرسٹر گوہر کی وضاحت ناکافی،جھوٹ اور فراڈ تحریک انصاف کا کلچر ہے: خواجہ آصف

12 ہلاکتوں کے حوالے سے بھی کوئی ثبوت فراہم کریں، جیسے کسی جنازے کی تصویر یا متاثرہ خاندانوں کی تفصیلات

اسلام آباد:وزیر دفاع خواجہ آصف نے تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے کارکنوں نے غزہ کے شہدا کی تصاویر کو اسلام آباد کے مظاہرین کی ہلاکتوں کے طور پر پیش کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر کی جانب سے ہلاکتوں کے دعوے سے دستبرداری کافی نہیں ہے۔

خواجہ آصف نے اپنے بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی قیادت نے ہزاروں ہلاکتوں کے بے بنیاد دعوے کیے۔ انہوں نے علی امین گنڈاپور سمیت دیگر رہنماؤں پر بھی الزام لگایا کہ وہ جھوٹے دعوے کرنے میں پیش پیش رہے۔ ایک رہنما نے تو 278 ہلاکتوں کی تعداد ایسے بیان کی جیسے خود لاشیں گنی ہوں۔

وزیر دفاع نے پی ٹی آئی کو چیلنج کیا کہ وہ 12 ہلاکتوں کے حوالے سے بھی کوئی ثبوت فراہم کریں، جیسے کسی جنازے کی تصویر یا متاثرہ خاندانوں کی تفصیلات۔

خواجہ آصف نے کہا کہ بیرسٹر گوہر کے کارکنوں نے غزہ کے شہدا کی تصاویر کو سوشل میڈیا پر اسلام آباد کے مظاہرین سے منسوب کر کے جھوٹ اور فراڈ کا سہارا لیا۔ یہ پی ٹی آئی کے کلچر کی واضح عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے اس عمل کو شرمناک جعلسازی قرار دیتے ہوئے پی ٹی آئی سے معافی اور وضاحت کا مطالبہ کیا۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین