100 کروڑ کا بزنس کرنے والی فلم نے پہلے دن ہی ریکارڈ قائم کر دیا

اس شاہکار فلم کی کہانی اور ہدایتکاری پرشانت نیل نے کی

بھارتی سینما میں عالمی سطح پر مقبول فلموں کی فہرست طویل ہوتی جا رہی ہے۔ جہاں عامر خان کی ’دنگل‘ سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم ہے، وہیں ’باہوبلی 2‘ دوسرے نمبر پر ہے۔ لیکن ایک اور فلم نے ریلیز کے پہلے ہی دن اپنا بجٹ پورا کرکے تاریخ رقم کر دی۔

یہ فلم ہے ’کے جی ایف: چیپٹر 2‘، جس کا بجٹ 100 کروڑ روپے تھا، لیکن ریلیز کے پہلے دن ہی اس نے 164 کروڑ روپے کما کر سب کو حیران کر دیا۔ یہ ایکشن اور ڈرامے سے بھرپور فلم نہ صرف بھارت میں بلکہ دنیا بھر میں زبردست کامیاب رہی، اور عالمی سطح پر 1000 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کرتے ہوئے چوتھی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی بھارتی فلم بن گئی۔

فلم کے مرکزی کردار یش نے اپنی اداکاری سے مداحوں کے دل جیت لیے۔ فلم میں سنجے دت نے ولن ادھیرا کا کردار نبھایا، جبکہ روینہ ٹنڈن نے بھارتی وزیر اعظم رامیکا سین کا اور سرینیدھی شیٹی نے رینا دیسائی کا کردار ادا کیا۔ اس شاہکار فلم کی کہانی اور ہدایتکاری پرشانت نیل نے کی۔

فلم کی بےپناہ کامیابی کے بعد شائقین اب ’کے جی ایف‘ کے تیسرے حصہ کے شدت سے منتظر ہیں۔ اداکار یش نے انکشاف کیا کہ اس بار منصوبے مزید بڑے ہیں، اور وہ پرشانت نیل کے ساتھ مل کر کہانی کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں تاکہ ایک شاندار فلم پیش کی جا سکے۔ تاہم، یہ فوری ممکن نظر نہیں آ رہا کیونکہ نیل اس وقت پربھاس کی فلم ’سالار: پارٹ ٹو‘ میں مصروف ہیں۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین