حکومت نے سوشل میڈیا پر دہشت گرد تنظیموں کی سرگرمیاں روکنے کے لیے اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی کی سربراہی میں نیشنل ایکشن پلان کی رابطہ کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا، جس میں نیکٹا اور صوبوں کے درمیان رابطے کو بہتر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی مدد سے دہشت گرد گروہوں کے اکاؤنٹس بند کیے جائیں گے۔ ساتھ ہی غیر قانونی سمز کے خاتمے کے لیے صوبے ایک مربوط حکمت عملی اپنائیں گے۔
اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ رواں سال اکتوبر تک کیے گئے 7984 انٹیلیجنس آپریشنز کے دوران 206 دہشت گردوں کو مارا گیا۔ وزیر داخلہ نے پی ٹی اے اور دیگر متعلقہ اداروں سے مؤثر اقدامات کی منصوبہ بندی کرنے کی ہدایت دی۔
محسن نقوی نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انسداد دہشت گردی فورس کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے مکمل تعاون کیا جائے گا۔