علی امین گنڈاپور، زرتاج گل اور راجہ بشارت کے وارنٹ گرفتاری جاری
راولپنڈی:اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں 47 ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کر دیے، جن میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور، زرتاج گل، اور راجہ بشارت شامل ہیں۔
عدالت نے اڈیالہ جیل میں سماعت کے دوران ملزمان کی غیر حاضری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں گرفتار کر کے اگلی سماعت پر پیش کرنے کا حکم دیا۔
اس کیس میں 9 مئی کے حملے کے ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی بھی ملتوی کر دی گئی۔ بانی پی ٹی آئی کے وکلاء نے دہشت گردی کی دفعہ کو چیلنج کیا ہے، جس پر استغاثہ کو کل تک جواب دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
عدالت نے بانی پی ٹی آئی کے وکلاء کو ملاقات کا موقع نہ دینے پر چار پولیس افسران کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا اور کل تک جواب طلب کر لیا ہے۔