اپنے خلاف درج ایف آئی آر کو تعلیمی ڈگریاں سمجھتا ہوں: علی امین گنڈاپور

وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ صوبے کی حالت ہماری غلط پالیسیوں کی وجہ سے خراب ہوئی ہے، حالانکہ پورے پاکستان میں امن قائم کرنے کے لیے اس صوبے کے لوگوں نے بڑی قربانیاں دی ہیں۔

علی امین گنڈاپور نے ایک نجی یونیورسٹی کے کانوکیشن میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی ادارے ہمارے بچوں کو بہتر طریقے سے تربیت دیں تاکہ وہ ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں اور والدین کے لیے سکون کا باعث بنیں۔

انہوں نے نوجوانوں کو نصیحت کی کہ انہیں مقابلہ کرنا سیکھنا چاہیے، ہار یا پریشانی سے نہیں گھبرانا چاہیے، بلکہ ان کا مقصد یہ ہونا چاہیے کہ وہ پڑھیں اور ملک کی ترقی میں حصہ ڈالیں۔ کسی بھی شکست یا ناکامی کو برداشت کرنا اور اسے سیکھنے کا حصہ سمجھنا ایمان کی مضبوطی کا اظہار ہے۔ ہمارے نوجوانوں میں کامیاب ہونے کی زبردست صلاحیت ہے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبے کی موجودہ حالت غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہے، لیکن اس کے باوجود اس صوبے کے لوگوں نے پورے پاکستان میں امن قائم کرنے کے لیے اپنی جانیں قربان کی ہیں اور سیکیورٹی فورسز بھی امن کے قیام کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ دے رہی ہیں۔

انہوں نے اقرا یونیورسٹی کے لیے تین کروڑ روپے کی گرانٹ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو آگے بڑھنا ہے اور یاد رکھیں کہ ڈگریاں انسان کو نہیں بناتی، بلکہ انسان ڈگریاں بناتا ہے۔ والدین اور اساتذہ کی عزت سے ہی تعلیم کے حقیقی فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے اپنی ذاتی زندگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کبھی لڑائی کی شروعات نہیں کی اور جو ایف آئی آر ان کے خلاف درج کی گئی ہیں، وہ انہیں اپنی تعلیمی ڈگریوں کی طرح سمجھتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین