پاکستان کی زمبابوے کے خلاف 10 وکٹوں کی شاندار فتح، سیریز میں ناقابلِ شکست برتری

میچ میں دونوں ٹیموں نے اپنی پہلی میچ کی الیون کو برقرار رکھا۔

پاکستان نے زمبابوے کو دوسرے ٹی 20 میچ میں 10 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔

دوسرے میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، لیکن یہ فیصلہ غلط ثابت ہوا۔ زمبابوے کی پوری ٹیم صرف 12.4 اوورز میں 57 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، جو ٹی 20 انٹرنیشنل میں ان کا کم ترین اسکور ہے۔ زمبابوے کے اوپنرز برین برینیٹ نے 21 اور ٹاڈی وناشے مارومانی نے 16 رنز بنائے، جبکہ باقی کھلاڑی دوہرے ہندسے میں بھی داخل نہ ہوسکے۔

پاکستان کی جانب سے نوجوان باؤلر سفیان مقیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ عباس آفریدی نے 2 جبکہ حارث رؤف اور ابرار احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں پاکستان نے ہدف آسانی سے 7.2 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے حاصل کر لیا۔ اس جیت کے ساتھ پاکستان نے سیریز میں 0-2 کی ناقابلِ شکست برتری حاصل کر لی۔

قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم ہدف مقرر کرنے یا اس کا تعاقب کرنے میں مہارت رکھتی ہے، اور انہیں اس حوالے سے کوئی پریشانی نہیں۔ میچ میں دونوں ٹیموں نے اپنی پہلی میچ کی الیون کو برقرار رکھا۔

واضح رہے کہ پہلے میچ میں بھی پاکستان نے زمبابوے کو 57 رنز سے شکست دی تھی۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 4 وکٹوں پر 165 رنز بنائے تھے، جبکہ زمبابوے کی ٹیم 108 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی۔

اس سے قبل، پاکستان نے تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے میچ میں زمبابوے کو 99 رنز سے شکست دے کر ایک روزہ سیریز 1-2 سے جیت لی تھی۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین