جیسے ہی سردیوں کا موسم آتا ہے، بازاروں میں مختلف پھل ملنے لگتے ہیں اور کینو کی خوشبو بھی فضاء کو معطر کر دیتی ہے۔ یہ قدرت کا ایک انمول تحفہ ہے جو وٹامن سی سے بھرپور ہے، اور اس کے چھلکے میں بھی کئی فوائد چھپے ہوتے ہیں۔
کینو کا ذائقہ ترش ہوتا ہے اور یہ کیلوریز میں کم مگر غذائیت سے بھرپور ہے۔ اس میں موجود وٹامنز اسے ایک بہترین پھل بناتے ہیں۔ کینو میں وٹامن سی کی مقدار زیادہ ہوتی ہے جو جسم میں اینٹی آکسیڈنٹس کا کام کرتا ہے اور مدافعتی نظام کو مضبوط کرتا ہے، جس کی وجہ سے موسمی نزلہ اور زکام سے بچا جا سکتا ہے۔
اس کے علاوہ، وٹامن سی جِلد کے خلیات کو نقصان دہ مالیکیولز سے تحفظ دیتا ہے اور جھریوں سے بچانے میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔
کینو کی ایک اور خوبی یہ ہے کہ یہ معدے میں آسانی سے جذب ہو جاتا ہے اور نظام ہاضمہ پر بوجھ ڈالے بغیر اسے بہتر بناتا ہے۔ اگر کسی کو معدے کی کمزوری یا بدہضمی کا سامنا ہو تو ناشتے میں کینو کھانے سے فائدہ ہو سکتا ہے۔
کینو میں موجود وٹامن سی جسم کے دفاعی نظام کو مضبوط کرتا ہے، جو موسمی بیماریوں اور انفیکشنز سے لڑنے میں مدد دیتا ہے اور کینسر پیدا کرنے والے فری ریڈیکلز کو کم کرتا ہے۔
ہالینڈ کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ اینڈ انوائرمنٹ کے مطابق، کینو کا رس فالج کے خطرے کو بھی کم کرتا ہے۔ اگر ایک ہفتے میں 8 گلاس کینو کا جوس پی لیا جائے تو فالج کا خطرہ 25 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔ اس کے علاوہ، کینو کا رس دل کی شریانوں کے متاثر ہونے کا خطرہ بھی 12 سے 13 فیصد تک کم کرتا ہے۔