پاکستان میں جنسی جرائم کے مجرموں کی نگرانی کے لیے ٹیگنگ نظام کا آغاز

اس سافٹ ویئر کی مدد سے کسی بھی مجرم کا ریکارڈ پورے ملک میں متعلقہ اداروں کے پاس دستیاب ہوگا۔

اسلام آباد:ملک میں بڑھتے ہوئے جنسی جرائم، خاص طور پر بچوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات کو روکنے کے لیے حکومت نے مجرموں کی نگرانی کے لیے ٹیگنگ نظام متعارف کروا دیا ہے۔ اس نظام کے تحت سزا یافتہ مجرموں کی مکمل نگرانی کی جائے گی۔

نادرا نے اس مقصد کے لیے ایک خاص سافٹ ویئر تیار کیا ہے، جو ملک کے تمام اضلاع میں پراسیکیوشن دفاتر سے منسلک ہوگا۔ اس سافٹ ویئر کی مدد سے کسی بھی مجرم کا ریکارڈ پورے ملک میں متعلقہ اداروں کے پاس دستیاب ہوگا۔

حکام کے مطابق اس نظام کا مرکزی دفتر اسلام آباد میں قائم کیا گیا ہے، جبکہ تمام صوبے اپنے پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹس کے ذریعے اس سے جڑے ہوں گے۔

یہ سافٹ ویئر وفاقی وزارت داخلہ، وزارت قانون و انصاف اور ضلعی پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹس کے ساتھ منسلک ہوگا اور نیشنل پولیس بیورو کے تحت کام کرے گا۔ اس کے ذریعے جنسی جرائم کے تمام سزا یافتہ افراد کا ڈیٹا مرتب کیا جائے گا۔

جب بھی کسی مجرم کو عدالت سے سزا ملے گی، اس کا مکمل ریکارڈ فوری طور پر اس ٹیگنگ سافٹ ویئر میں شامل ہو جائے گا۔ جیل سے رہائی کے بعد اس کی نقل و حرکت پر بھی سرکاری اداروں کی نظر رہے گی، جس سے ایسے جرائم کی روک تھام میں مدد ملے گی۔

 

متعلقہ خبریں

مقبول ترین