مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی تیزی سے ترقی کے ساتھ، ماہرین نے ایک جدید ایپ متعارف کروائی ہے جو موت کی پیشگوئی کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
یہ منفرد ایپ "ڈیتھ کلاک” کے نام سے جانی جاتی ہے، جو صارفین کو ان کی متوقع زندگی کے متعلق پیشگوئی کرتی ہے۔ سینسر ٹاور کی رپورٹ کے مطابق، یہ ایپ جولائی میں لانچ کی گئی اور چند ماہ میں 1,25,000 سے زائد مرتبہ ڈاؤن لوڈ کی جا چکی ہے۔
ڈیتھ کلاک ایپ اپنی پیشگوئیوں میں 1,200 مطالعات پر مبنی ڈیٹا استعمال کرتی ہے، جس میں دنیا بھر کے 53 ملین افراد کی معلومات شامل ہیں۔ یہ ایپ عوامل جیسے ورزش، خوراک، نیند اور تناؤ کی سطح کا تجزیہ کر کے زندگی کے متعلق زیادہ درست اندازے پیش کرتی ہے۔
روایتی اے آئی ماڈلز کے مقابلے میں، یہ ایپ زیادہ درست پیشگوئیاں فراہم کرنے کا دعویٰ کرتی ہے۔ مزید برآں، ڈیتھ کلاک ایپ ان عادات کی نشاندہی بھی کرتی ہے جنہیں بہتر بنانا ضروری ہو۔ مثال کے طور پر، اگر ایپ کے مطابق کسی صارف کو نیند کی کمی کا سامنا ہے، تو یہ نیند کو بہتر بنانے کے لیے مفید تجاویز پیش کرتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ایپ نہ صرف زندگی کی ممکنہ طوالت کے بارے میں معلومات فراہم کرتی ہے بلکہ صحت مند طرزِ زندگی اپنانے کی ترغیب بھی دیتی ہے۔