3 دن تک کنویں میں پھنسے شخص کو کرشماتی طور پر زندہ نکال لیا گیا

مدد کے لیے چیخ و پکار کو مقامی افراد نے کسی بھوت کی آواز سمجھ کر نظرانداز کردیا

تھائی لینڈ کے صوبے تاک کے علاقے Mae Sot میں ایک حیران کن واقعہ پیش آیا، جہاں ایک 22 سالہ چینی شہری لیو چونیائی خشک کنویں میں گرنے کے بعد 3 دن تک پھنسے رہے۔ ان کی مدد کے لیے چیخ و پکار کو مقامی افراد نے کسی بھوت کی آواز سمجھ کر نظرانداز کردیا۔

24 نومبر کو مقامی افراد نے جنگل سے پراسرار آوازیں سننے کی اطلاع پولیس کو دی۔ جب پولیس اور امدادی ٹیم نے آوازوں کا تعاقب کیا تو ایک 12 میٹر گہرے کنویں میں پھنسے لیو چونیائی کو پایا۔ 30 منٹ کے آپریشن کے بعد انہیں کنویں سے نکال لیا گیا۔

ریسکیو کیے جانے والے شخص کی حالت کافی خراب تھی۔ ان کی بائیں کلائی ٹوٹ چکی تھی اور جسم پر متعدد خراشیں تھیں۔ انہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔

لیو چونیائی کے مطابق، وہ 3 دن تک بغیر خوراک اور پانی کے کنویں میں پھنسے رہے۔ اپنی توانائی بچانے کے لیے وہ ہر گھنٹے میں صرف ایک بار مدد کے لیے آواز دیتے تھے۔

مدد کے لیے چیخوں کو مقامی افراد نے بھوت کی آواز سمجھا اور خوف کے باعث معاملے کی تحقیقات نہیں کی۔حکام نے کنویں کو بند کردیا ہے تاکہ آئندہ اس قسم کے حادثے سے بچا جا سکے۔اب لیو چونیائی کی حالت خطرے سے باہر ہے، اور حکام کے مطابق، وہ جنگل میں راستہ بھٹکنے کے باعث کنویں میں گر گئے تھے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین