مدارس رجسٹریشن بل پر صدر دستخط کردینگے، بلاول کی فضل الرحمٰن کو یقین دہانی

مولانا فضل الرحمان نے صدر کی جانب سے دستخط نہ ہونے کا معاملہ اٹھایا

اسلام آباد:پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو یقین دلایا ہے کہ مدارس رجسٹریشن بل پر صدر مملکت کی جانب سے دستخط کیے جائیں گے۔

مولانا فضل الرحمان کی ناراضی دور کرنے کے لیے بلاول بھٹو زرداری وفد کے ہمراہ ان کی رہائش گاہ پہنچے، جہاں دونوں رہنماؤں کے درمیان اہم ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں سیاسی امور سمیت مدارس رجسٹریشن ایکٹ کے حوالے سے گفتگو کی گئی، جس پر مولانا فضل الرحمان نے صدر کی جانب سے دستخط نہ ہونے کا معاملہ اٹھایا۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں جے یو آئی کے سینئر رہنما مولانا عبدالغفور حیدری، مولانا اسعد محمود، مولانا لطف الرحمان، حاجی غلام علی، اور سینیٹر کامران مرتضیٰ نے شرکت کی۔ جبکہ پیپلزپارٹی کے وفد میں سابق اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور سینئر رہنما قمر زمان کائرہ بھی شامل تھے۔

ملاقات تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہی، جس کے بعد بلاول بھٹو اور ان کا وفد میڈیا سے بات کیے بغیر روانہ ہوگیا۔ تاہم، جے یو آئی کے سینیٹر کامران مرتضیٰ اور راجہ پرویز اشرف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملاقات کی تفصیلات بیان کیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مدارس رجسٹریشن بل پر اتفاق رائے پیدا کرنے اور اس کے حوالے سے تمام شکوک و شبہات دور کرنے کے لیے یہ ملاقات انتہائی اہم تھی۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین