بھارت کی ڈومیسٹک کرکٹ میں ایک تاریخی لمحہ اس وقت پیش آیا جب سید مشتاق علی ٹرافی کے ایک میچ میں بروڈا کی ٹیم نے سکم کے خلاف شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے ٹی20 فارمیٹ میں سب سے زیادہ رنز کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔
بروڈا نے اپنی اننگز میں صرف 5 وکٹوں کے نقصان پر مقررہ 20 اوورز میں 349 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔ اس کارکردگی کو یادگار بنانے کے لیے بروڈا کے بلے بازوں نے 37 چھکوں کی دھواں دار اننگز کھیلی، جو اب تک ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکوں کا نیا عالمی ریکارڈ ہے۔
یہ کارکردگی اس وقت عالمی توجہ کا مرکز بنی جب زمبابوے کے سابقہ ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا گیا۔ زمبابوے نے آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ کے سب ریجنل کوالیفائر میں گیمبیا کے خلاف 344 رنز بنائے تھے، جس میں 27 چھکے شامل تھے۔
بروڈا کی ٹیم کے اس تاریخی لمحے نے نہ صرف ڈومیسٹک کرکٹ کو نئی بلندیوں پر پہنچایا بلکہ اس سے کرکٹ شائقین کو مزید دلچسپی اور تجسس کا موقع بھی ملا۔