عمران خان کا 14 دسمبر سے سول نافرمانی تحریک چلانے کا اعلان
اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ اگر ان کے اہم مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو وہ 14 دسمبر سے سول نافرمانی کی تحریک کا آغاز کریں گے۔
عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام میں پانچ رکنی مذاکراتی کمیٹی کے قیام کا اعلان کیا ہے، جو دو اہم نکات پر حکومت سے مذاکرات کرے گی۔ ان مطالبات میں 9 مئی 2023 کے مظاہروں کے دوران پارٹی کارکنوں پر کیے گئے کریک ڈاؤن کی عدالتی تحقیقات اور سیاسی قیدیوں کی رہائی شامل ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ 13 دسمبر کو پشاور میں ایک بڑا جلسہ منعقد کیا جائے گا، جس میں ان شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا جو اسلام آباد احتجاج کے دوران جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ عمران خان کا دعویٰ ہے کہ پی ٹی آئی کے کئی کارکن اب بھی لاپتہ ہیں، اور انہوں نے سپریم کورٹ سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف فوری ایکشن لینے کی اپیل کی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ عدالتوں سے رجوع کرنے کے باوجود انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔