2023ء کی رپورٹ ’’محمد ‘‘برطانیہ کا مقبول نام
لندن:2023 کے دوران محمد کا نام انگلینڈ اور ویلز میں سب سے زیادہ رجسٹر ہونے والا لڑکوں کا نام بن گیا ہے۔
آفس فار نیشنل اسٹیٹیسٹکس (ONS) کے مطابق مختلف اسپیلنگز کے ساتھ محمد نام کو شمار نہ کرنے کے باوجود یہ سب سے زیادہ مقبول ہے۔ اگر مختلف اسپیلنگز کو شامل کیا جائے تو یہ نام کئی سالوں سے مقبولیت کی بلندی پر ہے۔ اس سے قبل نوح سب سے مقبول نام تھا، جسے اب محمد نے پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق 2022 میں محمد نام 4,177 بار رجسٹر ہوا تھا جبکہ 2023 میں اس کی رجسٹریشن 4,661 تک پہنچ گئی۔ یہ نام لندن، ویسٹ مڈلینڈز، یارکشائر اور نارتھ ویسٹ جیسے علاقوں میں، جہاں مسلمانوں کی آبادی زیادہ ہے، خاص طور پر مقبول رہا۔
2023 کے ٹاپ 100 ناموں میں دیگر اسلامی نام جیسے یوسف، موسیٰ اور ابراہیم بھی شامل رہے۔ لڑکوں کے لیے اولیور تیسرے نمبر پر تھا، جبکہ جارج اور لیو بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پر رہے۔
لڑکیوں میں مسلسل آٹھویں سال اولیویا سب سے زیادہ مقبول رہی، جبکہ ایمیلیا دوسرے اور اسلا تیسرے نمبر پر رہیں۔ مسلمانوں کے درمیان لیلیٰ، مریم اور فاطمہ جیسے نام 2023 کے ٹاپ 100 ناموں میں نمایاں رہے۔
او این ایس کا کہنا ہے کہ والدین کے نام رکھنے کے رجحانات پر مقبول کلچر کا واضح اثر نظر آتا ہے، جو بچوں کے ناموں کے انتخاب میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
برطانیہ اور یورپ میں اسلام تیزی سے پھیلنے والا مذہب بن چکا ہے۔ اگرچہ نسلی امتیاز کے واقعات بھی ہوتے ہیں تاہم پھر بھی برطانیہ اور یورپ کے دساتیر میں جو مذہبی آزادیاں دی گئی ہیں ان کا مذکورہ معاشروں اور ملکوں میں احترام کیا جاتا ہے۔ یہ امر باعث اطمینان ہے کہ نوجوان طبقہ اسلامی تعلیم و رجحان سے ہم آہنگ ہورہا ہے۔ اس حوالے سے متعدد اسلامی اصلاحی تحریکیں اپنا مثبت کردار ادا کررہی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی اصلاحی تعلیمی، فلاحی و تربیتی تحریک منہاج القرآن نمایاں ہے۔