گوگل نے مصنوعی ذہانت کے میدان میں ایک اور سنگِ میل عبور کرتے ہوئے موسم کی پیشگوئی کے لیے ایک جدید ٹول "جین کاسٹ” (Gencast) متعارف کرایا ہے۔ یہ اے آئی ٹول 15 دنوں تک موسم کی انتہائی درست پیشگوئی کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور جان لیوا طوفانوں کی نشاندہی میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
دنیا بھر میں موسم کی پیشگوئی نہ صرف روزمرہ کے معمولات بلکہ سخت موسمی حالات سے تحفظ کے لیے بھی انتہائی اہم سمجھی جاتی ہے۔ خاص طور پر ماہی گیری جیسے شعبوں میں یہ پیشگوئیاں زندگی اور موت کا معاملہ بن سکتی ہیں، کیونکہ ماہی گیر انہی معلومات کی بنیاد پر سمندر میں روانگی کا فیصلہ کرتے ہیں۔
گوگل کی "ڈیپ مائنڈ” ٹیکنالوجی سے تیار کردہ جین کاسٹ کو دنیا بھر کے 35 ممالک میں استعمال ہونے والے موسمی پیشگوئی کے "انسیمبل پریڈکشن سسٹم” کے مقابلے میں آزمایا گیا۔ ہوا کی رفتار، درجہ حرارت، اور دیگر موسمی عوامل پر کی گئی آزمائش میں جین کاسٹ نے 97.2 فیصد تک بہتر نتائج دیے۔
یہ ٹول نہ صرف زیادہ درست نتائج فراہم کرتا ہے بلکہ کم توانائی خرچ کرتے ہوئے روایتی سپر کمپیوٹرز کی جگہ لے سکتا ہے۔ جین کاسٹ ماضی کے موسمیاتی نمونوں کا مطالعہ کرکے مستقبل کی پیشگوئی کرتا ہے، جس سے یہ طوفانوں کے راستے اور شدت کو زیادہ موثر انداز میں بتانے کے قابل ہے۔
گوگل کے مطابق، جین کاسٹ جلد ہی عوامی استعمال کے لیے "گوگل ارتھ انجن” اور "بگ کوئری” پلیٹ فارمز پر دستیاب ہوگا، تاکہ عوام اور ادارے موسم کے حوالے سے زیادہ قابل اعتماد فیصلے کر سکیں۔