بھارتی کرکٹر ابھیشیک شرما نے سید مشتاق علی ٹرافی کے دوران 28 گیندوں پر شاندار سنچری بنا کر ڈومیسٹک کرکٹ میں دھوم مچا دی۔ پنجاب کی نمائندگی کرتے ہوئے انہوں نے میگھالیا کے خلاف صرف 29 گیندوں پر 106 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جس میں 11 چھکے اور 8 چوکے شامل تھے۔
143 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ابھیشیک نے اپنی اننگز کو جارحانہ انداز میں آگے بڑھایا اور صرف 28 گیندوں میں سنچری مکمل کی۔ ان کی شاندار کارکردگی کی بدولت پنجاب نے میگھالیا کے خلاف مطلوبہ ہدف صرف 9.3 اوورز میں حاصل کر لیا۔
میچ کے بعد اپنی سنچری پر تبصرہ کرتے ہوئے ابھیشیک شرما نے کہا، "میں مثبت سوچ کے ساتھ میدان میں اترا اور کھیل سے لطف اندوز ہونے کی کوشش کی۔ مجھے اپنے کھیل پر بھروسہ تھا اور صحیح موقع کی تلاش تھی۔”
گزشتہ ہفتے اسی ٹورنامنٹ میں گجرات کے ارویل پٹیل نے تریپورا کے خلاف 28 گیندوں پر سنچری بنائی تھی۔ تاہم، تیز ترین ٹی 20 سنچری کا عالمی ریکارڈ استونیا کے ساحل چوہان کے پاس ہے، جنہوں نے قبرص کے خلاف صرف 27 گیندوں میں سنچری اسکور کی تھی۔