اسلام آباد:حکومت پاکستان نے فری لانسرز کی سہولت کے لیے وی پی این رجسٹریشن کے عمل کو آسان بنا دیا۔
پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے اعلان کیا ہے کہ اب اسٹیٹک آئی پی ایڈریس نہ رکھنے والے فری لانسرز بھی وی پی این رجسٹریشن کی سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ یہ رجسٹریشن موبائل نمبر کے ذریعے ممکن ہوگی، جو فری لانسرز کو انٹرنیٹ پر مزید آسانی اور تحفظ فراہم کرے گی۔
اس نئی سہولت کے تحت فری لانسرز اپنے موبائل ڈیٹا کنکشن پر وی پی این استعمال کرنے کے لیے پی ٹی اے کے ساتھ اپنا موبائل نمبر رجسٹر کروا سکتے ہیں۔ رجسٹریشن کے لیے فراہم کردہ لنک https://ipregistration.pta.gov.pk کو استعمال کیا جائے گا۔
پی ٹی اے نے بتایا کہ یہ اقدام آئی ٹی کے شعبے میں ترقی اور سہولت فراہم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔ اب تک پی ٹی اے کے ذریعے 31,000 سے زائد وی پی این رجسٹر کیے جا چکے ہیں، جو پاکستان میں ڈیجیٹل معیشت کو تقویت دینے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔