خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیوں میں 22 دہشتگردوں کو ہلاک جبکہ 6 بہادر سپاہیوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ آپریشنز ٹانک، شمالی وزیرستان، اور ہنگو کے علاقوں میں کیے گئے۔
ٹانک کے علاقے گل امام میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کیے گئے آپریشن کے دوران 9 دہشتگرد مارے گئے اور 6 زخمی ہوئے۔ یہ کارروائی خطے میں دہشتگردوں کے نیٹ ورک کو کمزور کرنے کے لیے ایک بڑی کامیابی سمجھی جا رہی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی دوسری بڑی کارروائی میں 10 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا۔ یہ علاقہ دہشتگردی کا گڑھ سمجھا جاتا ہے، اور یہ آپریشن وہاں امن قائم کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔
ہنگو کی تحصیل ٹل میں دہشتگردوں نے سکیورٹی چوکی پر حملہ کرنے کی کوشش کی، تاہم فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے حملہ ناکام بنا دیا اور 3 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ان آپریشنز کے دوران 6 جوان شدید فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہو گئے، جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر ملک کے دفاع کو یقینی بنایا۔