بالی ووڈ کے مشہور اداکار اور مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے انکشاف کیا ہے کہ وہ، شاہ رخ خان، اور سلمان خان ایک ساتھ فلم میں کام کرنے کے لیے تیار ہیں، لیکن فی الحال مناسب اسکرپٹ کا انتظار ہے۔
ریڈ سی فلم فیسٹیول کے دوران بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے عامر خان نے بتایا کہ تینوں خانز اس موضوع پر تقریباً چھ ماہ قبل گفتگو کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک ایسا خواب ہے جسے عملی جامہ پہنانا ضروری ہے، اور وہ امید کرتے ہیں کہ یہ جلد ممکن ہوگا۔
عامر خان نے مزید کہا کہ یہ تجویز انہوں نے ہی پیش کی تھی کہ بالی ووڈ کے تینوں خانز کو ایک ساتھ کسی فلم میں نظر آنا چاہیے۔ ان کے مطابق سلمان خان اور شاہ رخ خان بھی اس بات پر متفق ہیں کہ یہ موقع ضائع نہیں ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے سب سے بڑی رکاوٹ ایک معیاری اسکرپٹ کی عدم موجودگی ہے، کیونکہ تینوں خانز کے ساتھ فلم بنانا ایک غیر معمولی پروجیکٹ ہوگا، جس کے لیے کہانی بھی غیر معمولی ہونی چاہیے۔
عامر خان نے کہا، "اگر ہم تینوں نے یہ فلم نہ کی تو یہ واقعی افسوسناک ہوگا۔” انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایک مضبوط اسکرپٹ کے ساتھ وہ ایک یادگار فلم بنا سکیں گے جو شائقین کے دلوں میں ہمیشہ کے لیے جگہ بنائے گی۔