جاپان نے ایک انوکھی واشنگ مشین تیار کی ہے جو کپڑوں کے بجائے انسانوں کو دھونے کا کام کرتی ہے۔یہ منفرد مشین آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) سے لیس ہے اور انسانی جسم کو صاف کرنے کے لیے "واش اینڈ ڈرائی” کا عمل انجام دیتی ہے۔
یہ مشین جاپانی کمپنی سائنس کو نے بنائی ہے اور دیکھنے میں کسی لڑاکا طیارے کے کاک پٹ جیسی لگتی ہے۔ مشین میں داخل ہونے پر، اس کا پلاسٹک پوڈ آدھا گرم پانی سے بھر جاتا ہے، پھر پانی کی تیز دھاریں بلبلوں کے ساتھ جسم کی صفائی کرتی ہیں۔ یہ بلبلے جب پھٹتے ہیں تو طاقتور دباؤ پیدا کرتے ہیں، جس سے جلد کی گندگی صاف ہو جاتی ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ مشین نہ صرف جسم بلکہ ذہن کو بھی سکون فراہم کرتی ہے۔ اے آئی ٹیکنالوجی کے ذریعے، مشین صفائی کے دوران ایسی ویڈیوز چلاتی ہے جو ذہنی سکون دیتی ہیں۔
یہ مشین 15 منٹ میں مکمل صفائی کا عمل مکمل کر دیتی ہے اور جلد اسے اوساکا کنسائی ایکسپو میں نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا، جہاں ایک ہزار افراد اسے آزما سکیں گے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس کا ڈیزائن 1970 میں بنایا گیا تھا، لیکن اس وقت اسے عام لوگوں کے لیے جاری نہیں کیا گیا تھا۔
ابھی یہ واضح نہیں کہ یہ مشین عام لوگوں کو کب دستیاب ہوگی اور اس کی قیمت کیا ہوگی۔