انصاف کی فوری فراہمی کے لئے چیف جسٹس کا بڑا فیصلہ

انصاف کی فوری فراہمی کے لئے چیف جسٹس کا بڑا فیصلہ

اسلام آباد: چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی نے انصاف کی فوری فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے دور دراز اضلاع کے اپنے ذاتی دوروں کا فیصلہ کیا ہے۔ سپریم کورٹ کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق، چیف جسٹس نے ضلعی عدلیہ کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور موجودہ مسائل سے نمٹنے کے لیے ان دوروں کا فیصلہ کیا ہے، جہاں وہ خود جا کر مسائل کا حل نکالیں گے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے حال ہی میں گوادر کا دورہ کیا، جہاں تربت، پنجگور اور چاغی کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز سے ملاقات کی، اور انہیں مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔
چیف جسٹس نے عدالتی افسران کی عزت و وقار کو سب سے مقدم رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پورے ملک کی عدلیہ کا وقار کسی صورت مجروح نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دور دراز کے اضلاع کی عدلیہ کو خاص توجہ کی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں متعلقہ ہائی کورٹس کو ان اضلاع پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔
اعلامیے کے مطابق، چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے دور دراز علاقوں میں کام کرنے والے عدالتی افسران کی محنت اور خدمات کو سراہا۔ اس کے علاوہ، سپریم کورٹ کے ایک اور اعلامیے میں بتایا گیا کہ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت گوادر میں عدالتی اصلاحات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں اصلاحی نظام کے اہم پہلوؤں پر بات چیت کی گئی۔ اجلاس میں بلوچستان کے لیے ذیلی کمیٹی کے قیام کی منظوری دی گئی، کمیٹی مختلف جیلوں کا دورہ کرے گی اور اصلاحات کے کیلئے جامع پیکیج پیش کریگی۔ چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس ہاشم خان اور مانیٹرنگ جج برائے جیل خانہ جات جسٹس عبداللہ بھی اجلاس میں شریک تھے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین