حکومت کا بڑا فیصلہ، کیمو تھراپی اور سرجری کے بغیر کینسرکا علاج ممکن
لاہور: حکومت پنجاب نے صوبے میں کینسر کے علاج کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ چین سے کینسر کے جدید طریقہ علاج اور مشینری منگوائی جائے گی جس سے سرجری اور کیمو تھراپی کے بغیر کینسر کا علاج ممکن ہو سکے گا۔ نواز شریف کینسر ہسپتال میں چین کے تعاون سے جدید مشینری اور علاج کا آغاز کریں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے چین کے سرکاری دورے کے دوران ہائی گیا میڈیکل ٹیکنالوجیز کے صدر ڈاکٹر لو فو لیانگ سے خصوصی ملاقات کی، ڈاکٹر فو لیانگ کی کمپنی انٹرنیشنل لیول پر کینسر کے جدید ترین علاج اور مشینری میں ماہر ہے۔ ڈاکٹر فو لیانگ اور ان کی ٹیم نے انٹرونشنل آنکالوجی اور کوالیشن طریقہ علاج کے بارے میں بریفنگ دی، اور ٹیومر کی فریزنگ اور ہیٹنگ کے ذریعے علاج کی حکمت عملی پر روشنی ڈالی۔ ’’ہائی گیا‘‘ ایڈوانس میڈیکل سسٹم کے ذریعے اب تک کینسر کے دس ہزار مریضوں کا کامیابی سے علاج کیا جا چکا ہے۔ چین کے 25 صوبوں میں 100 سے زائد ہسپتالوں میں ’’ہائی گیا‘‘ طریقہ علاج متعارف کرایا جا چکا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کینسر کے جدید علاج اور مریضوں کے مکمل صحت یاب ہونے کی شرح کو سراہا، اور کہا کہ ’’ہائی گیا‘‘ طریقہ علاج اور مشینری کے ذریعے کینسر کے مریضوں کو کیمو تھراپی اور سرجری کی تکالیف سے بچایا جا سکے گا۔