شام میں بشار الاسد حکومت کے خلاف برسرپیکار باغی رہنما ابو محمد الجولانی نے ملک میں عبوری حکومت کے قیام کی ذمہ داری اپوزیشن رہنما محمد البشیر کے سپرد کر دی ہے۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ابو محمد الجولانی نے اس سلسلے میں شامی وزیراعظم محمد غازی الجلالی اور سالویشن گورنمنٹ کے سربراہ محمد البشیر کے ساتھ ایک طویل ملاقات کی۔
ذرائع کے مطابق یہ ملاقات خاص طور پر شام میں عبوری حکومت کی تشکیل کے موضوع پر ہوئی۔ ملاقات کے مکمل مندرجات سرکاری طور پر جاری نہیں کیے گئے، لیکن قوی امکانات ہیں کہ عبوری حکومت کی قیادت محمد البشیر کو دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ 2017 میں ادلب میں بشار الاسد حکومت کے خلاف مسلح گروہوں نے "تھیئہ تحریر الشام” کے تحت 11 وزرا پر مشتمل سالویشن گورنمنٹ تشکیل دی تھی۔
محمد البشیر، جو الیکٹریکل انجینیئر ہونے کے ساتھ ساتھ شرعی قانون کے ماہر بھی ہیں، سالویشن گورنمنٹ میں 2022 سے 2023 تک ترقی اور انسانی امور کے وزیر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ ان کے تجربے اور قابلیت کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں عبوری حکومت کی قیادت کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔