ڈھاکا: بنگلا دیش کی انٹرنیٹ ریگولیٹری اتھارٹی نے بھارت کے ساتھ انٹرنیٹ بینڈوتھ ٹرانزٹ معاہدے کو اقتصادی فوائد نہ ہونے کی بنیاد پر منسوخ کر دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، بنگلا دیش نے بھارت کی شمال مشرقی ریاستوں کو بینڈوتھ فراہم کرنے کے لیے ایک ٹرانزٹ پوائنٹ کے طور پر کام کرنے کا منصوبہ ختم کر دیا ہے۔
بنگلا دیش کی عبوری حکومت کے ایک نمائندے نے بیان دیا کہ اس معاہدے سے ملک کو کوئی نمایاں اقتصادی فائدہ نہیں ہو رہا تھا، جس کی وجہ سے اسے ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
یہ معاہدہ بھارت کے شمال مشرقی خطے کے دور دراز علاقوں میں ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی کو بہتر بنانے کے لیے اہم سمجھا جاتا تھا۔ تاہم، بنگلا دیش کے اس فیصلے سے بھارت کی شمال مشرقی ریاستوں میں انٹرنیٹ کی فراہمی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ اس کے نتیجے میں انٹرنیٹ خدمات کی رفتار کم ہو سکتی ہے، جو صارفین کے لیے مشکلات کا سبب بنے گی۔