سعودی عرب کے مشہور فٹبال کلب "النصر” کے ساتھ وابستہ عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو کی اسلام قبول کرنے کی خبروں کے بعد، ان کے بیٹے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ ’انشاءاللہ‘ کہتے دکھائی دیے۔
حالیہ دنوں میں، رونالڈو نے دنیا کے نمبر ون یوٹیوبر، مسٹر بیسٹ کے ساتھ ایک ویڈیو اپنے یوٹیوب چینل پر اپلوڈ کی۔ اس ویڈیو میں ان کا بیٹا، جونیئر رونالڈو بھی موجود تھا۔
مسٹر بیسٹ نے جونیئر رونالڈو سے سوال کیا کہ کیا وہ باسکٹ بال کے لیجنڈ لیبرون جیمز اور ان کے بیٹے برونی جیمز کو ایک ساتھ کھیلتے ہوئے دیکھ چکے ہیں؟ جونیئر رونالڈو نے اس سوال کے جواب میں ’ہاں‘ کہا۔
اس کے بعد مسٹر بیسٹ نے پوچھا، "کیا تم بھی اپنے والد کے ساتھ ایسے ہی کھیلنا چاہو گے؟” جس پر جونیئر رونالڈو نے جواب دیا، ’انشاءاللہ‘۔
اس جواب پر رونالڈو نے مسٹر بیسٹ سے کہا، "امید ہے ایسا ہو۔”
یہ ویڈیو ایسے وقت میں وائرل ہوئی ہے جب سعودی کلب النصر کے سابق گول کیپر، ولید عبداللہ، نے حال ہی میں دعویٰ کیا تھا کہ رونالڈو اسلام میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں اور ممکنہ طور پر اسے قبول کرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔
تاہم، اس وائرل ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے ایک سوشل میڈیا صارف نے کہا کہ جونیئر رونالڈو نے دراصل پرتگالی لفظ "oxalá” کہا تھا۔
صارف کے مطابق، پرتگالی زبان میں "oxalá” ایک خواہش یا امید کے اظہار کے لیے استعمال ہوتا ہے، جیسا کہ انگریزی میں "I hope” یا "if only” کہا جاتا ہے۔
مزید وضاحت کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ "oxalá” کا ماخذ عربی کا لفظ ’انشاءاللہ‘ ہی ہے، جس کا مطلب ہے ’خدا کی مرضی‘۔ پرتگالی میں یہ لفظ دعا یا امید کے لیے عام طور پر بولا جاتا ہے۔