معیشت کی بہتری، تعلیم کے فروغ، غربت کے خاتمے کیلئے "اڑان پاکستان” منصوبہ
اسلام آباد:پاکستان کی معیشت کو ترقی کی بلند سطح پر لے جانے کے لیے حکومت نے ایک بڑا قدم اٹھایا ہے۔ اگلے پانچ سالوں میں معیشت کی رفتار کو تیز کرنے، تعلیم کے فروغ، اور غربت کے خاتمے کے لیے ایک جامع منصوبہ پیش کیا جا رہا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں یہ اقدام ملک کو اقتصادی استحکام اور ترقی کی نئی بلندیوں تک پہنچانے کا عزم رکھتا ہے۔
وفاقی حکومت نے 2024-25 کے لیے ’’اڑان پاکستان‘‘ کے نام سے نیشنل اکنامک ٹرانسفارمیشن پلان متعارف کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔ منصوبے کا مقصد ملکی جی ڈی پی کی شرح نمو کو 9.8 فیصد تک لے جانا، شرح خواندگی کو 70 فیصد تک بڑھانا اور غربت میں 13 فیصد تک کمی لانا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس نئے پانچ سالہ پلان کی منظوری دے دی ہے، جس کا باضابطہ اعلان جمعہ کو ایک خصوصی تقریب میں کیا جائے گا۔ اس منصوبے کے تحت 2035 تک پاکستان کی معیشت کا حجم ایک ٹریلین ڈالرز تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
نئے پلان میں برآمدات کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ فائیو ایز فریم ورک پر خصوصی توجہ دی گئی ہے، جس میں انفرا اسٹرکچر، مساوات، اخلاقیات، اور عوام کو بااختیار بنانا شامل ہیں۔ ریلوے کے ایم ایل ون منصوبے کی تکمیل اور ماحولیاتی تحفظ بھی اس پلان کا حصہ ہیں۔
ذرائع کے مطابق یہ منصوبہ پاکستان کو پائیدار معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے ترتیب دیا گیا ہے، جس میں تعلیم اور غربت کے خاتمے کو خاص اہمیت دی گئی ہے۔ منصوبے کے تحت مختلف شعبوں میں اصلاحات اور سرمایہ کاری کے ذریعے معیشت کو مضبوط کیا جائے گا۔
اڑان پاکستان” نہ صرف معیشت بلکہ ملک کے تمام طبقوں کے لیے ایک روشن مستقبل کی ضمانت دینے کا عزم رکھتا ہے۔





















