بھارت میں رنگ گورا کرنے والی کریم بنانے والی کمپنی کے خلاف دائر مقدمے کا فیصلہ 11 سال بعد سامنے آ گیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق نئی دہلی کے رہائشی نکھل نامی شہری نے 11 سال قبل ایک کریم کا اشتہار دیکھا جس میں معروف بالی وڈ اداکار شاہ رخ خان شامل تھے۔ اشتہار میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ یہ کریم صرف تین ہفتے کے اندر رنگت گورا کر دے گی۔
نکھل نے اپنے پسندیدہ اداکار کے اس دعوے پر بھروسہ کرتے ہوئے کریم خرید لی اور باقاعدگی سے تین ہفتے تک استعمال کی، لیکن کوئی مثبت نتیجہ سامنے نہ آیا۔ اس کے بعد نکھل نے 2013 میں کمپنی کے خلاف مقدمہ دائر کر دیا۔
گیارہ سال تک یہ مقدمہ مختلف درخواستوں اور قانونی کارروائیوں کے مراحل سے گزرتا رہا، لیکن اب کنزیومر کورٹ نے فیصلہ سناتے ہوئے کمپنی کے اشتہار کو گمراہ کن قرار دیا۔ عدالت نے کہا کہ کمپنی کا تین ہفتوں میں رنگ گورا کرنے کا دعویٰ جھوٹا تھا۔
عدالت نے کمپنی پر 15 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا۔ اس رقم میں سے 50 ہزار روپے صارف نکھل کو بطور معاوضہ دیے جائیں گے، جبکہ 14 لاکھ 50 ہزار روپے کنزیومر کورٹ میں جمع کرائے جائیں گے۔
عدالت نے کمپنی کو مزید ہدایت دی کہ وہ قانونی اخراجات کی مد میں نکھل کو 10 ہزار روپے ادا کرے۔