سائنس دانوں کے مطابق، کائنات میں ایک ایسا پُر اسرار واقعہ ہو رہا ہے جس کا اثر اس کے پھیلاؤ پر پڑ رہا ہے، اور یہ واقعہ سائنسدانوں کے لیے ایک گہری تشویش کا سبب بنا ہوا ہے۔
محققین کا کہنا ہے کہ خلاء میں موجود ناسا کی جیمز ویب اسپیس ٹیلی اسکوپ کائنات کی گہرائیوں میں چھپے اس راز کو سمجھنے میں مدد دے سکتی ہے۔ گزشتہ کئی برسوں سے سائنس دانوں کو ہماری کائنات کی ایک غیر معمولی خاصیت نے پریشان کر رکھا ہے۔ کائنات آج ماضی کے مقابلے میں کہیں زیادہ تیزی سے پھیل رہی ہے، لیکن محققین کو ابھی تک اس کی وجہ سمجھ نہیں آئی۔
اب جیمز ویب اسپیس ٹیلی اسکوپ نے ان غیر متوقع پیمائشوں کی تصدیق کی ہے جو ماضی میں ناسا کی ہبل اسپیس ٹیلی اسکوپ کی جانب سے پیش کی گئی تھیں۔ اس سے یہ پتہ چلتا ہے کہ کائنات میں ایک پُر اسرار واقعہ پیش آ رہا ہے۔
اس کا مطلب یہ بھی ہو سکتا ہے کہ کائنات میں کچھ ایسی نامعلوم طاقتیں سرگرم ہیں جو اس تبدیلی کا سبب بن رہی ہیں، یا پھر ہم کائنات کے متعلق اپنے فہم میں کمی رکھتے ہیں جس کے لیے نئے اور مختلف اصولوں والی فزکس کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔ تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ جیمز ویب اسپیس ٹیلی اسکوپ سے حاصل ہونے والی پیمائشیں ہبل ٹیلی اسکوپ کی پیمائشوں سے میل کھاتی ہیں، جس سے یہ قیاس کیا جا رہا ہے کہ ہبل ٹیلی اسکوپ میں کوئی فنی خرابی نہیں تھی، اور یہ بات واضح ہو گئی کہ کائنات میں کوئی سنجیدہ نوعیت کا واقعہ ہو رہا ہے۔