آسٹریاکی شامی پناہ گزینوں کو وطن واپسی کیلئے بڑی رقم کی پیشکش
ویانا :شام میں حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد آسٹریا نے ملک میں پناہ گزین شامیوں کو وطن واپسی کی پیشکش کی ہے۔ اس پیشکش کے تحت شامی پناہ گزینوں کو 1 ہزار یورو کے ساتھ اپنے وطن واپس جانے کی سہولت دی جائے گی۔
آسٹریا کے چانسلر کارل نیہامر نے بشارالاسد حکومت کی معزولی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شام میں سیکورٹی کی صورتحال کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا تاکہ شامی پناہ گزینوں کی پرامن واپسی کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب تک یہ واضح نہیں ہو جاتا کہ شام کس سمت میں جا رہا ہے، اس وقت تک کسی کو زبردستی بے دخل کرنا ممکن نہیں ہوگا۔
آسٹریا حکومت کے ترجمان کے مطابق حکومت پناہ گزینوں کی رضاکارانہ وطن واپسی پر زیادہ توجہ دے گی، اور ساتھ ہی شامی پناہ گزینوں کی درخواستوں پر کارروائی روک دی گئی ہے۔ اس سے قبل 12 سے زائد یورپی ممالک بھی اسی طریقہ کار کو اپناتے ہوئے شامی پناہ گزینوں کی درخواستوں پر عمل درآمد روک چکے ہیں۔