جنرل فیض کی چارج شیٹ کے بعد پی ٹی آئی کا رویہ بدلا، وزیردفاع

خواہشات کی تکمیل کے لیے مذاکرات نہیں ہو سکتے۔‘‘

سیالکوٹ: وزیردفاع خواجہ آصف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو مشورہ دیا ہے کہ مذاکرات سے پہلے اپنی اندرونی اختلافات کو ختم کریں۔ انہوں نے کہا کہ جنرل فیض کی چارج شیٹ کے بعد پی ٹی آئی کے رویے میں واضح تبدیلی آئی ہے، لیکن ان میں خلوص کی کمی ہے۔

خواجہ آصف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی طرف سے مذاکرات کا کوئی ماحول نہیں بنا، کیونکہ پی ٹی آئی خود اندرونی لڑائیوں میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا، ’’کبھی وہ دو شرائط کی بات کرتے ہیں، کبھی غیر مشروط مذاکرات کی بات ہوتی ہے، اور کبھی کمیٹیوں کا کھیل کھیلا جاتا ہے۔‘‘

وزیردفاع کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی پہلے اپنی اختلافات ختم کرے اور متحد ہو، کیونکہ ان کی قیادت کے بیانات اور ارکان کے خیالات میں تضاد ہے۔ ’’بانی کچھ اور کہتے ہیں، بشریٰ بی بی اور بانی کی بہنیں کچھ اور کہتی ہیں۔ اتنی مختلف باتوں کے بعد ہم کس کا جواب دیں؟‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ مذاکرات کامیاب کرنے کے لیے خلوص کا ہونا ضروری ہے، جو پی ٹی آئی کی قیادت میں نظر نہیں آتا۔ ’’بانی پی ٹی آئی کی شخصیت میں خلوص کا عنصر موجود نہیں، نہ سیاست میں اور نہ ہی زندگی میں۔‘‘

خواجہ آصف نے کہا کہ اب تک پی ٹی آئی کی طرف سے کوئی باضابطہ مذاکرات کی پیش کش نہیں آئی۔ ’’وہ اسپیکر کے پاس چائے بسکٹ کھانے آتے ہیں اور پھر واپس چلے جاتے ہیں۔ خواہشات کی تکمیل کے لیے مذاکرات نہیں ہو سکتے۔‘‘

انہوں نے ملٹری کورٹس سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس کی تفصیلات سے لاعلم ہیں، لیکن یقین ہے کہ قانونی اور آئینی پہلو کا کوئی دروازہ ضرور کھلا ہوگا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو پہلے یہ سمجھنا ہوگا کہ انہوں نے ملک اور پاک فوج کے خلاف بغاوت کا راستہ اختیار کیا ہے اور نفرت کا ماحول پیدا کیا ہے۔

 

 

 

 

 

متعلقہ خبریں

مقبول ترین