اپنی شادی پر غیر معمولی خرچ اور خبروں میں چھائے رہنے والے ٹک ٹاکر رجب بٹ کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب وائلڈ لائف کی ٹیم نے پولیس کے ہمراہ رجب بٹ کے پارک ویو ہاؤس پر چھاپہ مار کر انہیں حراست میں لیا۔ ٹک ٹاکر کو غیر قانونی طور پر لائسنس کے بغیر نومولود شیر کا بچہ رکھنے پر گرفتار کیا گیا۔
یہ شیر کا بچہ انہیں ان کی شادی پر گفٹ ملا تھا۔
ذرائع کے مطابق چوہنگ پولیس نے سب انسپکٹر ارسلان اعجاز کی مدعیت میں رجب بٹ کے خلاف پنجاب آرمز آرڈیننس 1965 کے تحت مقدمہ درج کیا۔
ایف آئی آر کے مطابق، رجب بٹ نے اپنے گھر میں غیر قانونی جانور رکھا ہوا تھا، جو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے مسئلہ بن سکتا تھا۔ دوران تلاشی ان کے گھر سے سلور رنگ کے ڈبے میں رکھی ہوئی 223 بور رائفل اور گولیاں بھی برآمد ہوئیں۔
یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں رجب بٹ اپنی شادی پر مہمانوں پر ڈالر لٹانے اور غیر معمولی خرچ کی وجہ سے بھی خبروں میں رہے ہیں۔