منصب سنبھالنے تک یرغمالیوں کی رہائی نہ ہوئی تو قیامت ٹوٹے گی:ڈونلڈ ٹرمپ

امریکی صدر نے واضح کیا کہ وہ یوکرین اور روس کے درمیان تین سال سے جاری جنگ کا خاتمہ چاہتے ہیں

نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر ان کے عہدہ سنبھالنے سے پہلے اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا نہ کیا گیا تو سنگین نتائج سامنے آئیں گے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو ہوئی، جس میں غزہ جنگ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ٹرمپ نے نیتن یاہو کو یقین دلایا کہ وہ 20 جنوری کو منصب سنبھالنے کے بعد اس معاملے کو خود دیکھیں گے۔

فلوریڈا میں میڈیا سے گفتگو کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے حماس کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ اگر میرے منصب سنبھالنے تک یرغمالیوں کو رہا نہ کیا گیا تو ایک قیامت برپا ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر اس دوران جنگ بندی کا معاہدہ نہ ہوا تو اس کے نتائج کسی کے لیے خوشگوار نہیں ہوں گے۔

یوکرین جنگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ وہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور یوکرینی صدر سے بات چیت کریں گے تاکہ یہ جنگ ختم ہوسکے۔

جب روس کے قبضے میں آنے والے یوکرینی علاقوں کے مستقبل پر سوال کیا گیا تو ٹرمپ نے جواب دیا کہ وہاں کے بیشتر علاقے ملبے کا ڈھیر بن چکے ہیں، جہاں ایک بھی عمارت صحیح حالت میں موجود نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان تباہ حال علاقوں کو بحال کرنے میں ایک صدی لگ سکتی ہے۔

ٹرمپ نے بتایا کہ انہیں میدان جنگ کی خون میں لت پت لاشوں کی تصاویر دکھائی گئیں، جو انہیں امریکا کی خانہ جنگی (1861 سے 1865) کی یاد دلاتی ہیں۔

نومنتخب امریکی صدر نے واضح کیا کہ وہ یوکرین اور روس کے درمیان تین سال سے جاری جنگ کا خاتمہ چاہتے ہیں لیکن انہوں نے تسلیم کیا کہ یہ مسئلہ مشرق وسطیٰ کی صورتحال سے زیادہ پیچیدہ ہے

 

 

متعلقہ خبریں

مقبول ترین