سی ٹی ڈی کی کارروائیاں، پنجاب سے 16 دہشت گرد گرفتار
بہاولپور : محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے پنجاب کے مختلف شہروں میں کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے 16 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق لاہور میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے ایک دہشت گرد کو حراست میں لے لیا گیا، جس سے اسلحہ اور بارودی مواد برآمد ہوا۔ مزید بتایا گیا کہ یہ گرفتار دہشت گرد شمالی وزیرستان سے تعلق رکھتا ہے۔
سی ٹی ڈی کی یہ کارروائیاں بہاولپور، منڈی بہاؤالدین، میانوالی، ٹوبہ ٹیک سنگھ، رحیم یار خان، چنیوٹ، اور وہاڑی میں کی گئیں۔
ترجمان کے مطابق گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد، آئی ای ڈی بم، اور ڈیٹونیٹر برآمد ہوئے ہیں، جنہیں وہ مختلف مقامات پر کارروائیاں کرنے کے لیے استعمال کرنا چاہتے تھے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ گرفتار کیے گئے دہشت گردوں سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے اور مزید انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے۔