سرکاری حج اسکیم، 3بار مدت بڑھانے کے باوجود 7 ہزار درخواستیں کم موصول
اسلام آباد: سرکاری حج اسکیم کے تحت تین بار درخواستوں کی مدت بڑھانے کے باوجود 7 ہزار درخواستیں کم موصول ہوئیں۔ ذرائع کے مطابق، حج درخواستوں کی تیسری مدت مکمل ہونے تک 82 ہزار درخواستیں جمع ہوئیں، جس کے بعد وزارت مذہبی امور نے تمام درخواست گزاروں کو کامیاب قرار دے دیا۔
وزارت مذہبی امور نے بتایا کہ 7 ہزار درخواستوں کے باقی رہ جانے والے کوٹے کو پورا کرنے کے لیے حل تلاش کیا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے دوبارہ درخواستیں وصول کرنے یا پرائیویٹ حج آپریٹرز کو اضافی کوٹہ دینے پر غور کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ اس سال پاکستان کو ایک لاکھ 79 ہزار 210 عازمین کا حج کوٹہ ملا ہے، جس کا نصف حصہ سرکاری اور نجی اسکیموں میں تقسیم ہوگا۔ وفاقی وزیر چوہدری سالک نے بتایا کہ سرکاری حج اسکیم کے اخراجات 10 لاکھ 75 ہزار سے 11 لاکھ 75 ہزار روپے کے درمیان متوقع ہیں۔