ہائوسنگ سیکٹر کے لئے اہم خبر، مسائل کے حل کیلئے خصوصی ٹاسک فورس تشکیل
اسلام آباد :وزیراعظم شہباز شریف نے ہاؤسنگ سیکٹر کی تیز رفتار ترقی اور مسائل کے حل کے لیے خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دے دی ہے۔ یہ ٹاسک فورس 11 اراکین پر مشتمل ہے اور اس کی قیادت وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ و تعمیرات ریاض حسین پیر زادہ کریں گے۔
ٹاسک فورس کے اہم اراکین میں وزیر خزانہ سینیٹر اورنگزیب، وزیر مملکت برائے ریونیو، ڈی جی ویلفیئر اینڈ ری ہیبلیٹیشن پاکستان آرمی میجر جنرل دلاور خان، چیئرمین ایف بی آر، اور ڈی جی فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی شامل ہیں۔
اس میں نجی شعبے کے نمائندے بھی شامل کیے گئے ہیں، جن میں فیڈریشن آف رئیلٹرز پاکستان کے صدر سردار طاہر محمود، ایم ڈی اربن ڈویلپرز عثمان انور، چیئرمین آباد حسن بخش، چیئرمین (نارتھ) آباد ایس ایم نبیل، اور پنجاب اسمبلی کے سابق رکن حافظ ایم نعمان شامل ہیں۔
ٹاسک فورس کو یہ اختیار دیا گیا ہے کہ ضرورت کے مطابق دیگر ممبران کو بھی شامل کیا جا سکے۔ ٹاسک فورس کے لیے واضح ٹی او آرز (شرائط کار) تیار کی گئی ہیں، جن کے تحت یہ ٹیم ہاؤسنگ کے شعبے کی ترقی کے لیے جامع فریم ورک اور منصوبہ بندی تجویز کرے گی۔