نان فائلرز کے لیے سخت پابندیاں 800 سی سی سے بڑی گاڑی خریدنے پر پابندی
اسلام آباد:قومی اسمبلی میں ٹیکس قوانین میں ترمیم کا بل پیش کیا گیا ہے جس کے تحت نان فائلرز پر مختلف پابندیاں عائد کی جائیں گی۔
بل کی تفصیلات کے مطابق نان فائلرز کو 800 سی سی سے بڑی گاڑیاں خریدنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اسی طرح، وہ مخصوص حد سے زیادہ جائیداد یا شیئرز خریدنے کے مجاز نہیں ہوں گے۔ نان فائلرز کے لیے بینک اکاؤنٹ کھولنے اور بڑی مالی ٹرانزیکشنز کرنے پر بھی پابندی ہوگی۔
تاہم، نان فائلرز موٹر سائیکل، رکشہ، اور ٹریکٹر خریدنے کے اہل ہوں گے۔
بل میں یہ بھی شامل ہے کہ غیر رجسٹرڈ کاروباری افراد کے بینک اکاؤنٹس منجمد کر دیے جائیں گے، اور وہ جائیداد کی منتقلی نہیں کر سکیں گے۔ حکومت ایسے افراد کی جائیداد اور کاروبار سیل کرنے کا اختیار رکھتی ہے۔
مزید یہ کہ سیلز ٹیکس رجسٹریشن نہ کرانے والوں کے اکاؤنٹس بھی بند کر دیے جائیں گے۔ رجسٹریشن کے دو دن بعد یہ اکاؤنٹس بحال کیے جائیں گے، لیکن اس کے لیے چیف کمشنر کے پاس اپیل کرنا ضروری ہوگا۔
بل میں وضاحت کی گئی ہے کہ فائلرز کے والدین، شریک حیات، اور 25 سال تک کے بچے خود بخود فائلر شمار ہوں گے۔
یہ تمام پابندیاں وفاقی حکومت کے نوٹیفکیشن کے بعد نافذ العمل ہوں گی۔