حکومت اور جے یو آئی میں مذاکرات کامیاب، مدارس بل پر نوٹیفکیشن جلد جاری کرنے پر اتفاق

ملاقات کے دوران مدارس کی رجسٹریشن کے حوالے سے تجاویز پر مثبت پیش رفت ہوئی۔

حکومت اور جے یو آئی میں مذاکرات کامیاب، مدارس بل پر نوٹیفکیشن جلد جاری کرنے پر اتفاق

اسلام آباد:مدارس بل کے حوالے سے حکومت اور جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں۔ دونوں فریقین نے نوٹیفکیشن جلد جاری کرنے پر اتفاق کیا ہے، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے وزارت قانون کو معاملہ آئین اور قانون کے مطابق حل کرنے کی ہدایت دے دی ہے۔

وزیراعظم ہاؤس میں مدارس بل کے معاملے پر اہم اجلاس ہوا۔ اس اجلاس میں جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔ ان کے ہمراہ مولانا عبدالغفور حیدری، سینیٹر کامران مرتضیٰ اور مولانا اسعد محمود بھی شریک تھے۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، اسحاق ڈار، اعظم نذیر تارڑ، عطا تارڑ، رانا ثناء اللہ، پیپلز پارٹی کے راجہ پرویز اشرف، قمر زمان کائرہ اور اٹارنی جنرل منصور عثمان بھی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران مدارس کی رجسٹریشن کے حوالے سے تجاویز پر مثبت پیش رفت ہوئی۔ وزیراعظم نے اس معاملے کو جلد از جلد حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وزارت قانون آئین اور قانون کے مطابق اقدامات کرے تاکہ یہ مسئلہ حل ہو سکے۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ وزیراعظم سے مدارس بل پر تفصیلی بات چیت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے تحفظات حکومت کے سامنے رکھے ہیں اور امید ہے کہ ہمارا مطالبہ جلد پورا ہوگا۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ صدر نے بل پر اعتراضات پہلے ہی اٹھا دیے ہیں، جن کا جواب اسپیکر نے دے دیا تھا، اور آئینی مدت بھی گزر چکی ہے۔ مزید اعتراضات کی گنجائش نہیں بنتی۔ مدارس کی رجسٹریشن سے متعلق بل ایک قانون کی شکل اختیار کر چکا ہے اور اس کا نوٹیفکیشن جاری ہونا چاہیے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین