مولانا فضل الرحمان ڈیڑھ سال کے لیے وزیراعظم بن سکتے ہیں: مفتاح اسماعیل
اسلام آباد:عوام پاکستان پارٹی کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان ایک سے ڈیڑھ سال کے لیے وزیراعظم بن سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات سے سیاسی ماحول میں سکون پیدا ہوتا ہے، احتجاج اور کشیدگی کم ہو جاتی ہے، اس لیے بات چیت ہونی چاہیے۔
مفتاح اسماعیل نے زور دیا کہ پاکستان کے مسائل کا حل انتخابات میں ہے، عوام کی رائے لینا ضروری ہے۔ انہوں نے مولانا فضل الرحمان کو ملک کے چند بڑے سیاستدانوں میں سے ایک قرار دیا اور کہا کہ وہ مختصر وقت کے لیے وزیراعظم بننے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
سابق وزیر خزانہ نے حکومت کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری ممکن تھی، لیکن حکومت نے سنجیدگی نہیں دکھائی۔انہوں نے کہا کہ شرح سود کم ہونے سے اسٹاک مارکیٹ میں تیزی آئی ہے، لیکن اس میں حکومت کا کوئی کردار نہیں۔
مفتاح اسماعیل نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم نے معیشت کو بہتر کرنے کے بجائے سیاسی مفادات کو ترجیح دی۔ ٹیکس ریٹ بہت زیادہ ہے، اور معاشی اصلاحات کے بغیر سرمایہ کاری میں اضافہ ممکن نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے ٹیکس نظام کو بہتر بنانے اور پنشن اصلاحات جیسے اقدامات نہیں کیے، جس سے معاشی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔