فضل الرحمن ڈیڑھ سال کیلئے وزیراعظم بن سکتے ہیں، سینئر سیاستدان کی پیشگوئی

فضل الرحمن ڈیڑھ سال کیلئے وزیراعظم بن سکتے ہیں، سینئر سیاستدان کی پیشگوئی

اسلام آباد :عوام پاکستان پارٹی کے رہنما مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان ایک سے ڈیڑھ سال کے لیے وزیر اعظم بن سکتے ہیں۔ نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے دوران کم از کم احتجاج اور مار دھاڑ کا ماحول ختم ہو سکتا ہے۔ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ مذاکرات ہونا ایک مثبت قدم ہے اور ان کا انعقاد ضروری ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ واحد حل یہی ہے کہ انتخابات کرائے جائیں اور عوام کی رائے معلوم کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مولانا فضل الرحمان جیسے قدآور سیاستدان بہت کم ہیں، اور مولانا صاحب ایک سے ڈیڑھ سال کے لیے وزیر اعظم کا عہدہ سنبھال سکتے ہیں۔

پی آئی اے کی نجکاری کے حوالے سے مفتاح اسماعیل نے کہا کہ یہ ممکن تھی، لیکن حکومت کی نیت میں خلل تھا۔
اقتصادی صورت حال پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شرح سود میں کمی کی وجہ سے اسٹاک مارکیٹ میں اضافہ ہوا ہے، جو مستقبل میں مزید بڑھ سکتی ہے۔ اس میں حکومت کا کوئی کردار نہیں ہے۔ انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نے ٹیکس نہیں لگنے دیا اور پنشن ریفارمز سے اجتناب کیا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ معاشی اصلاحات کے بجائے سیاسی مفادات کو ترجیح دیتے ہیں۔

مفتاح اسماعیل نے مزید کہا کہ درآمدات میں 7 فیصد کمی ہوئی ہے، لیکن ٹیکس کی موجودہ بلند شرح معیشت کے لیے مثبت نہیں ہے۔ اگر معاشی اشاریے بہتر نہ کیے گئے تو سرمایہ کاری میں اضافہ ممکن نہیں۔

 

 

 

 

متعلقہ خبریں

مقبول ترین