گیس ٹینکر دھماکہ،جلتے شخص کی مدد کے بجائے لوگ ویڈیوز بناتے رہے
جےپور:بھارت کے جے پوراجمیر ہائی وے پر ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں گیس ٹینکر میں دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی۔ اس حادثے میں 32 سالہ مکینک رادھے شیام چوہدری آگ کی لپیٹ میں آگیا، لیکن موقع پر موجود افراد نے اس کی مدد کرنے کے بجائے اس کی ویڈیوز بنائیں اور سوشل میڈیا پر شیئر کیں۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق، دھماکہ جے پور-اجمیر ہائی وے پر ہوا۔ دھماکے کے نتیجے میں گیس ٹینکر میں آگ لگ گئی اور اس کے قریب سے گزرنے والا مکینک، رادھے شیام چوہدری، شعلوں کی لپیٹ میں آ گیا۔
آگ سے جھلسے رادھے شیام نے مدد کے لیے پکارنا شروع کیا اور تقریباً دو کلومیٹر تک پیدل چلتا رہا، لیکن وہاں موجود لوگ اسے بچانے کی کوشش کرنے کے بجائے موبائل فونز سے اس کی ویڈیو بناتے رہے۔
کافی دیر بعد رادھے شیام کو اسپتال منتقل کیا گیا، لیکن وہ زخموں کی شدت کی وجہ سے جانبر نہ ہو سکا اور دم توڑ گیا۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ دھماکے کی وجہ اور لوگوں کے غیر انسانی رویے کی وجوہات معلوم کی جا سکیں۔