9 مئی کے مجرموں کو سزا، اصل منصوبہ سازوں پر ہاتھ ڈالنے کی ضرورت ہے: خواجہ آصف

9 مئی کے مجرموں کو سزا، اصل منصوبہ سازوں پر ہاتھ ڈالنے کی ضرورت ہے: خواجہ آصف

اسلام آباد:وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ 9 مئی کے منصوبہ سازوں کو قانون کے دائرے میں لائے بغیر یہ سلسلہ ختم نہیں ہوگا۔

فوجی عدالتوں کی جانب سے سانحہ 9 مئی کے مجرموں کو سزا سنانے پر ردعمل دیتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ آج 25 افراد کو سزا سنائی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر انصاف فوری ہوتا، جیسا کہ امریکا یا برطانیہ میں ہوتا ہے، تو ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکتی تھی۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (پہلے ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں وزیر دفاع نے فیصلے میں تاخیر کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ اس تاخیر سے ملزمان اور ان کے سہولت کاروں کے حوصلے بڑھ گئے، اور 9 مئی جیسے تاریک دن کی مذمت کرنے سے بھی گریز کیا گیا، جس سے شہدا اور غازیوں کی توہین کرنے والے افراد کو ہیرو کے طور پر پیش کیا گیا۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اس وقت تک قانون کی گرفت ان افراد تک پہنچی ہے جو براہ راست حملے میں ملوث تھے۔ تاہم، ان کے مطابق اصل منصوبہ سازوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانا ابھی باقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ان عناصر پر قانون حرکت میں نہیں آئے گا، اس سلسلے کا اختتام ممکن نہیں۔

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ وطن دشمن عناصر ایسے لوگوں کے حوصلے بڑھاتے رہیں گے، اور اس خطرے کا خاتمہ تبھی ممکن ہوگا جب منصوبہ سازوں کو انجام تک پہنچایا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین