پی ٹی آئی کا فوجی عدالتوں کے فیصلوں کو چیلنج کرنے کا اعلان

ملٹری کورٹس کے ٹرائلز میں انصاف کے تقاضے پورے نہیں کیے گئے

پی ٹی آئی کا فوجی عدالتوں کے فیصلوں کو چیلنج کرنے کا اعلان

راولپنڈی:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے فوجی عدالتوں کی جانب سے سویلینز کو دی جانے والی سزاؤں کو مسترد کرتے ہوئے ان فیصلوں کو ہر فورم پر چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ سویلینز کے خلاف فوجی عدالتوں کے فیصلے انصاف کے  اصولوں کے خلاف ہیں۔ ان کے مطابق، زیر حراست افراد عام شہری ہیں اور ان پر فوجی عدالتوں میں مقدمہ چلانا آئین کے بنیادی اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فوجی عدالتیں قانونی طور پر ریاست کی عدالتی طاقت کی شراکت دار نہیں ہوسکتیں اور ان کا قیام عدلیہ کی آزادی کے خلاف ہے۔

عمر ایوب نے ان عدالتوں کو "کینگرو کورٹس” قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے فیصلے آئین میں شامل طاقت کی تقسیم کے بنیادی اصول کو نقصان پہنچاتے ہیں۔

دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ان فیصلوں کو انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملٹری کورٹس کے ٹرائلز میں انصاف کے تقاضے پورے نہیں کیے گئے اور سپریم کورٹ کا اس معاملے پر موقف مایوس کن رہا۔

اسد قیصر نے کہا کہ شہریوں کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم کیا گیا، اور عدالتی نظام کی موجودہ حالت ملک کے لیے ایک المیہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عدالتی نظام کی کمزوری سے ملک میں مایوسی پھیل رہی ہے، لیکن پی ٹی آئی انصاف کے حصول کی جدوجہد جاری رکھے گی۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین