ہنی سنگھ نے شاہ رخ خان کے ہاتھوں تھپڑ پڑنے کی حقیقت بتا دی

گلوکار نے اپنی زندگی پر مبنی دستاویزی فلم میں دلچسپ انکشافات کیے

ہنی سنگھ نے شاہ رخ خان کے ہاتھوں تھپڑ پڑنے کی حقیقت بتا دی

ممبئی:بھارت کے معروف ریپر اور گلوکار یو یو ہنی سنگھ کی زندگی پر مبنی دستاویزی فلم 20 دسمبر 2024 کو نیٹ فلکس پر ریلیز کی گئی۔ اس فلم میں ہنی سنگھ نے اپنے کیریئر کے اتار چڑھاؤ اور تنازعات پر کھل کر بات کی، جن میں ایک بڑا انکشاف اس وقت کی افواہ تھی کہ شاہ رخ خان نے انہیں تھپڑ مارا تھا۔

ہنی سنگھ نے بتایا کہ جب شاہ رخ خان کی فلم "چنئی ایکسپریس” کے لیے ان کا گانا "لنگی ڈانس” کامیاب ہوا، تو شاہ رخ خان نے انہیں اپنے ساتھ ٹور پر جانے کی دعوت دی۔ اگرچہ ہنی سنگھ اس وقت کام کی زیادتی کی وجہ سے تھکے ہوئے تھے، لیکن انہوں نے شاہ رخ کی پیشکش قبول کر لی۔

ہنی سنگھ نے بتایا کہ "ایک دن ٹور کے دوران میں پرفارم کرنے کی حالت میں نہیں تھا، لیکن مجھے پرفارم کرنے کے لیے کہا جا رہا تھا۔ جب ہم شکاگو پہنچے، تو میں نے شاہ رخ سے کہا کہ مجھے پرفارم کرنے کی توانائی نہیں ہے۔ میں سمجھتا تھا کہ اگر میں اس شو میں پرفارم کرنے کھڑا ہوگیا تو میری حالت مزید خراب ہو جائے گی۔ لیکن پھر میرے مینیجر نے آ کر مجھے تیار ہونے کو کہا۔ میں نے انکار کیا، اور اس کے بعد میں نے سر منڈوا لیا تاکہ مجھے پرفارم نہ کرنا پڑے۔”

ہنی سنگھ نے مزید بتایا کہ "میرے سر منڈوانے کے باوجود مجھے پرفارم کرنے کے لیے مجبور کیا گیا۔ اس دوران، میں نے اپنا سر ایک کپ سے مارا جس سے مجھے چوٹ آئی اور ٹانکے بھی لگے۔ لیکن کسی نے یہ افواہ پھیلادی کہ شاہ رخ خان نے مجھے تھپڑ مارا تھا، حالانکہ وہ مجھ سے بہت محبت کرتے ہیں اور وہ کبھی بھی مجھ پر ہاتھ نہیں اٹھائیں گے۔”

دستاویزی فلم میں ہنی سنگھ کی بہن سنیہا سنگھ نے اس وقت کی پریشانی کا ذکر کیا کہ ہنی سنگھ نے انہیں میسج کیا تھا کہ وہ ٹھیک نہیں ہیں اور انہیں بچانے کے لیے اسکائپ پر بات کرنے کی درخواست کی تھی۔ سنیہا نے کہا کہ اس واقعے کے بعد ہی انہوں نے فیصلہ کیا کہ ہنی سنگھ کو فوری طور پر بھارت واپس لایا جائے۔

اپنے کیریئر کے اس مشکل دور کے بعد، یو یو ہنی سنگھ نے حال ہی میں اپنا ایلبم "گلوری” ریلیز کیا ہے، جس میں 18 گانے شامل ہیں اور اس میں بھارت و پاکستان کے علاوہ کئی بین الاقوامی کولابوریشنز بھی ہیں۔

 

متعلقہ خبریں

مقبول ترین