عمران خان اسٹیبلشمنٹ کا پیداوار تھا، اب امریکا کی مدد سے اقتدار چاہتا ہے: وزیر دفاع

عمران خان اقتدار میں ہوتے تو وہ ملک کا سودا کر کے پانچ ارب ڈالر جیب میں ڈال لیتے

عمران خان اسٹیبلشمنٹ کا پیداوار تھا، اب امریکا کی مدد سے اقتدار چاہتا ہے: وزیر دفاع
وزیر دفاع خواجہ آصف نے لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اسٹیبلشمنٹ کا پیداوار تھے اور اب وہ امریکا کے سہارے اقتدار میں واپس آنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کسی بیرونی قوت نے تحریک انصاف کی مدد کی تو پاکستان اپنی حفاظت کرنا بخوبی جانتا ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات ملک کے حساس معاملات میں ایک بڑا دھچکا تھے، جہاں منصوبہ بندی کے ساتھ دفاعی تنصیبات پر حملے کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ان حملوں میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی ہو رہی ہے، اور 25 مجرموں کو ملٹری کورٹ سے سزا دی جاچکی ہے، جبکہ مزید کیسز کے فیصلے بھی جلد متوقع ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملٹری کورٹ کے ذریعے ان مجرموں کو سزا دینا پاکستان کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل ہے، جس کے ذریعے ملک کو ایسے عناصر سے پاک کیا جا رہا ہے جو سیاست کو ملکی مفادات پر ترجیح دیتے ہیں۔

خواجہ آصف نے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ شروع سے ہی اسٹیبلشمنٹ کے منصوبے کا حصہ تھے۔ سابق آرمی چیف جنرل باجوہ نے نواز شریف کو مائنس کر کے عمران خان کو اقتدار میں لانے کی کوشش کی۔ اس دوران عمران خان کی حکومت میں اربوں روپے کی کرپشن ہوئی، جس میں ان کے اہل خانہ اور قریبی افراد شامل تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے چند روز قبل تک اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کی کوشش کی، لیکن اب وہ سیاسی چالیں چل رہے ہیں۔ خواجہ آصف نے الزام لگایا کہ اگر ایٹمی دھماکوں کے وقت عمران خان اقتدار میں ہوتے تو وہ ملک کا سودا کر کے پانچ ارب ڈالر جیب میں ڈال لیتے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ وہ قومی اسمبلی اور پریس کانفرنس میں عمران خان کی کرپشن، شوکت خانم کے معاملات اور دیگر حقائق پر مبنی وائٹ پیپر جاری کریں گے۔

 

 

متعلقہ خبریں

مقبول ترین