پاکستان کے 309 رنز کا ہدف، جنوبی افریقا کی بیٹنگ جاری
جوہانسبرگ میں پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان تین میچوں کی سیریز کے آخری ون ڈے میں پاکستان نے پروٹیز کو جیت کے لیے 309 رنز کا بڑا ہدف دے دیا۔ جنوبی افریقا کی بیٹنگ اس وقت جاری ہے۔
بارش کے باعث میچ کو 47 اوورز تک محدود کیا گیا۔ پاکستانی بیٹنگ لائن نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس کی قیادت صائم ایوب، بابر اعظم، محمد رضوان، اور سلمان علی آغا نے کی۔
میچ کے آغاز میں ہی پاکستان کو نقصان اٹھانا پڑا جب عبداللہ شفیق بغیر کوئی رن بنائے 1 کے مجموعے پر آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد صائم ایوب اور بابر اعظم نے ذمہ دارانہ انداز میں اننگز کو سنبھالا۔
صائم ایوب نے اپنی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 54 گیندوں پر 7 چوکے اور 1 چھکے کی مدد سے نصف سنچری مکمل کی، جبکہ بابر اعظم نے 71 گیندوں پر 7 چوکوں کے ساتھ 52 رنز بنائے۔ دونوں کھلاڑیوں نے ٹیم کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔
صائم ایوب نے 91 گیندوں پر 101 رنز کی دلکش اننگز کھیلی جس میں 2 چھکے اور 13 چوکے شامل تھے۔ یہ ان کے کیریئر کی تیسری اور جنوبی افریقا کے خلاف دوسری سنچری تھی۔
209 کے مجموعے پر کامران غلام اور 223 رنز پر محمد رضوان (53 رنز) آؤٹ ہوگئے۔ آخر میں سلمان علی آغا نے 33 گیندوں پر 48 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر ٹیم کے اسکور کو 309 تک پہنچایا۔
جنوبی افریقی بولرز میں ربادا نے 3 وکٹیں، جبکہ جینسین اور فوچیون نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پاکستان کو اس سیریز میں 0-2 کی ناقابل شکست برتری حاصل ہے۔