لاہور (تحریک نیوز) منہاج یونیورسٹی لاہور کے مرکز برائے تحقیق و جدت (CRIMA) نے پاکستان نیوی کی تاریخی کامیابیوں کو سراہنے کے لیے ایک سیمینار کا انعقاد کیا۔ اس پروگرام کا مقصد پاکستان کی سمندری وراثت کو اجاگر کرنا اور نیوی کے ان عظیم شخصیات کی قربانیوں کو یاد کرنا تھا جنہوں نے وطن عزیز کی سلامتی اور خوشحالی کیلئے اہم کردار ادا کیا۔سیمینار کے اہم مقرر وائس ایڈمرل احمد سعید (ر) صدر NIMAتھے۔
انہوں نے پاکستان نیوی کے کردار اور اس کی اہمیت پر روشنی ڈا لی اور میری ٹائم افیئرز کا ڈیپارٹمنٹ قائم کرنے پر منہاج یونیورسٹی لاہور کو مبارکباد دی۔ تقریب کے اختتام پر منہاج یونیورسٹی لاہور کے وائس چانسلر کموڈور (ر) پروفیسر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد نے کہا کہ اللہ رب العزت نے پاکستان کو وسیع و عریض سمندری حدود سے نوازا ہے۔ کسی بھی ملک کی ترقی ،خوشحالی اور مضبوط دفاع میں سمندر کا اہم کردار ہے۔
اللہ رب العزت نے جہاں پاکستان کو سرسبز میدانوں، پہاڑوں، جنگلات سے نوازا ہے وہاں سمندروں سے بھی نوازا ہے، اس امر کی اشد ضرورت ہے کہ ہم سمندر کو بطور تجارتی گزر گاہ استعمال کرنے کے ساتھ ساتھ اس میں پائی جانے والی بے اندازہ معدنیات تک رسائی حاصل کریں، اس حوالے سے گہری تحقیق کی ضرورت ہے اور ایک ایسی تعلیم یافتہ افرادی قوت تیار کرنے کی ضرورت ہے جو سمندر کے خزانے کو ملک و ملت کی تعمیر کے لئے بروئے کار لا سکے۔
انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے منہاج یونیورسٹی لاہور کو یہ اعزاز اور امتیاز حاصل ہے کہ یہاں میری ٹائم افیئرز کی جدید تحقیق کو شامل نصاب کیا گیا ہے اور بحری امور سے متعلق جدید تعلیم مہیا کی جارہی ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان کا خوشحال مستقبل بحری تجارت سے وابستہ ہے اور اس حوالے سے منہاج یونیورسٹی لاہور ایک قومی خدمت انجام دی رہی ہے۔ اس موقع پر طلباء اور اساتذہ نے پاکستان کی سمندری تاریخ، دفاعی اہمیت اور ہنگور جہاز کے بارے میں تفصیل سے تبادلہ خیال کیا اور نیوی کی دفاع وطن کے حوالے سے شاندار خدمات پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔