جدید دور میں موٹروے کے بجائے براڈبینڈ انٹرنیٹ اصل انفراسٹرکچر ہے:بلاول بھٹو

اسلام آباد میں بیٹھے "بابے" جنہیں نہ انٹرنیٹ کی سمجھ ہے اور نہ سوشل میڈیا ایپس کا

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ موجودہ دور میں ترقی کا پیمانہ براڈبینڈ انٹرنیٹ ہے، نہ کہ صرف موٹرویز انہوں نے انکشاف کیا کہ دنیا کا پہلا کمپیوٹر وائرس لاہور کے دو نوجوانوں نے بنایا تھا۔

یہ بات انہوں نے آئی بی اے سکھر کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ بلاول بھٹو نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے علم کو پاکستان کی ترقی کے لیے استعمال کریں اور ملک کا تشخص بہتر بنانے میں کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں غربت، معاشی عدم مساوات اور موسمیاتی تبدیلی جیسے سنگین چیلنجز کا سامنا ہے، جن سے نمٹنے کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ جس طرح ہر نسل نے اپنے حقوق کے لیے جدوجہد کی، آج کی نوجوان نسل کو بھی ڈیجیٹل حقوق کے لیے پرامن اور جمہوری جدوجہد کرنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بہتر انٹرنیٹ تک رسائی اور ڈیٹا پرائیویسی کا تحفظ یقینی بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس مقصد کے لیے وہ سندھ سمیت ملک بھر کے تعلیمی اداروں کا دورہ کریں گے تاکہ ڈیجیٹل حقوق کے قانون میں نوجوانوں کی تجاویز شامل کی جا سکیں۔ بلاول بھٹو نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ سوشل میڈیا کے ذریعے اپنی رائے اور تجاویز دیں تاکہ اس حوالے سے آگاہی پیدا کی جا سکے۔

انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں بیٹھے "بابے” جنہیں نہ انٹرنیٹ کی سمجھ ہے اور نہ سوشل میڈیا ایپس کا علم، وہ اس حقیقت کو نہیں جانتے کہ بہتر انٹرنیٹ کسی بھی نوجوان کو دیہات یا دنیا کے کسی بھی حصے سے ترقی یافتہ دنیا کے ساتھ جوڑ سکتا ہے۔

موسمیاتی تبدیلی کے موضوع پر بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ اگر اس کی تباہ کاریوں کو نہ روکا گیا تو پاکستان کو سیلاب اور دیگر قدرتی آفات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے منصوبے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو مدنظر رکھتے ہوئے بنانے ہوں گے، چاہے وہ سڑک ہو یا بجلی کا منصوبہ۔

انہوں نے عالمی سطح پر موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے سب سے زیادہ خطرے سے دوچار 10 ممالک میں پاکستان شامل ہے۔ ہمیں ترقی یافتہ ممالک سے مطالبہ کرنا ہوگا کہ وہ اپنی صنعت کاری اور سرمایہ دارانہ نظام سے ہونے والی تباہی کے اثرات کو ختم کرنے میں مدد فراہم کریں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک نے اپنی صنعتوں کے ذریعے دولت کمائی، لیکن اس کے منفی اثرات دیگر ممالک پر چھوڑ دیے۔ اگر انہوں نے دولت کمائی ہے تو انہیں اس نقصان کو ٹھیک کرنے کے لیے اپنا حصہ ڈالنا ہوگا۔

 

 

متعلقہ خبریں

مقبول ترین